Tuesday, August 31, 2010

فکسنگ الزامات، سب سے گرم موضوع

انگریزی اخبار ڈان نے اسے پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک اور شدید دھچکا قرار دیا ہے

پاکستان میں آج لوگوں کے درمیان سب سے گرم موضوع میچ فکسنگ کے وہ الزامات ہیں جو پاکستانی کرکٹرز پر لگائے گئے ہیں اور پاکستانی میڈیا چاہے وہ الیکٹرانک ہو یا پرنٹ ہو اس کی ترجیح بھی یہی خبر ہے۔

پاکستان کے زیادہ تر اردو اور انگریزی روز ناموں نے اس خبر کو شہ سرخی کے طور پر شائع کیا ہے۔

انگریزی اخبار دی نیوز نے پاکستانی ٹیم کے مینجر یاور سعید کو نیوز آف دی ورلڈ میں میچ فکسنگ کی خبر پڑھتے ہوئے تصویر کے اوپر لکھا ہے، ’داؤ پر لگی ٹیم۔‘

انگریزی اخبار ڈان کی سرخی ہے پاکستانی کرکٹ کو ایک اور شدید دھچکا۔

ڈیلی ٹائمز نے اس خبر کو سب سے اوپر بہت زیادہ نمایاں طور پر شائع کیا ہے۔

اخبارات نے اس قضیے کو لے کر ان کا پس منظر بھی شائع کیا ہے جیسے روزنامہ خبریں نے اپنی پیشانی پر لکھا ہے کہ میچ فکشنگ کا اعتراف سب سے پہلے عمران خان نے کیا ’اپنی جیت پر رقم لگائی تھی۔‘

نوائے وقت کی شہ سرخی ہے کہ ’میچ فکسنگ قوم کے سر شرم سے جھک گئے:گیلانی۔‘

روز نامہ ایکسپریس نے اپنے کھیل کے صفحے پر لکھا ’میچ فکسنگ سکینڈل سے پاکستانی کرکٹ کے درودیوار لرز اٹھے۔‘

”جنگ اخبار لکھتا ہے ’کرکٹ کے میدانوں سے طاقتوروں کی جاگیروں تک ہر جگہ کرپشن۔‘

بعض اخبارات نے عوامی سروے بھی شائع کیے۔ ان میں کرکٹ شائقین کے حوالے سے لکھا کہ ’سٹے بازی میں ملوث کرکٹرز کو سر عام کوڑے مارے جائیں۔‘

یعنی اخبارات میں اس قضیے کو لے کر ہر طرح سے بھڑاس نکالی گئی۔

اخبارات کے ادارتی صفحات نے میچ فکسنگ کے اس سکینڈل پر اداریے اور کالم شائع ہوئے۔ایک کالم نویس لکھتے ہیں، ’تین نو بالز جس نے کرکٹ کو ہلا کر رکھ دیا۔‘

کچھ پاکستانی اخبارات بے اس خبر کے حوالے سے دوسرا رخ دکھانے کی بھی کوشش کی ہے ۔

ایک روزنامے نے بک میکرز کے حوالے سے لکھا ہے کہ میچ فکسنگ سکینڈل پاکستانی ٹیم کے خلاف بھارتی سازش ہے۔ کرکٹ میں نو بالز پر جواء نہیں ہوتا۔

پاکستان کے نجی ٹیلی ویژنوں پر تو سنیچر اور اتوار کی رات سے ہی اس خبر کو لے کر ہنگامہ برپا ہے۔

تمام پاکستانی ٹی وی چینلز مختلف کرکٹ مبصرین سابق چئرمین اور سابق کرکٹرز سے ان کی آراء لینے میں ایک دوسرے کو مات دینے میں کے لیےایڑی چوٹی کا زور لگانے میں مصروف ہیں۔

چند گھنٹوں میں پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ میں ہونے والی بے ضابطیگیوں اور اس سے پہلے ہونے والے میچ فکسنگ اسکینڈلز کا کچا چٹھا ایک بار پھر مختلف قسم کے ٹی وی فیچرز کی شکل میں ناظرین تک پہنچ رہا ہے۔

اس حوالے سے آنے والی تمام خبروں کو بار بار دکھایا جا رہا ہے۔خبریں پڑھنے والے ہر خبر چاہے وہ میچ کے نتیجے کی ہو یا پاکستان ٹیم مینجمنٹ کی پریس کانفرنس ہو دکھانے کے ساتھ ساتھ اس پر طنزیہ اور تضحیک آمیز تبصرے کر رہے ہیں

چند ٹی وی چینلز پر پاکستانی کرکٹرز کی کرائی گئی نو بالز کے پیچھے طنزیہ گانے بجائے جاتے رہے۔

0 comments:

Post a Comment